جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کے لیے زکوٰۃ فنڈ سے راشن دینے کا اعلان

صحافیوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ایمرا کا شدید ردعمل، جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کے لیے زکوٰۃ فنڈ سے راشن دینے کا اعلان

الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایمرا) کے مرکزی صدر محمد آصف بٹ اور سیکرٹری جنرل سلیم احمد شیخ نے اپنے مشترکہ بیان میں پاکستان کے ایک بڑے صحافتی ادارے میں گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی بندش اور رمضان و عید کے موقع پر آدھی تنخواہیں دینے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

ایمرا باڈی نے جیو، جنگ اور نیوز گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کے مبینہ طور پر خراب مالی حالات کے پیش نظر ان کے لیے زکوٰۃ فنڈز سے راشن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمرا کے صدر محمد آصف بٹ نے کہا کہ اگر میر شکیل الرحمان کو مالی مشکلات کا سامنا ہے تو وہ زکوٰۃ فنڈ سے راشن حاصل کر سکتے ہیں، تاکہ ان کے معاشی حالات بہتر ہوں اور وہ اپنے ادارے کے کارکنان کو وقت پر تنخواہیں ادا کر سکیں۔

ایمرا باڈی کی جانب سے مخیر حضرات سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی زکوٰۃ، صدقہ اور خیرات میں میر شکیل الرحمان کو بھی یاد رکھیں، تاکہ وہ اس کڑے وقت سے نکل سکیں اور اپنے میڈیا ہاؤس کے ورکرز کی تنخواہیں ادا کرنے کے قابل ہو سکیں۔

ایمرا قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو ان کا جائز حق دینا اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، اور کسی بھی صورت میں محنت کش ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر یا کٹوتی کسی طور قابل قبول نہیں۔ ایمرا اس معاملے پر ہر ممکن اقدامات کرے گا اور ورکرز کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

 

Related Articles

Back to top button